پبی: دشمنوں کی ہسپتال کے اندر بھی زخمی شخص پر فائرنگ‘3افراد ہلاک
پبی (نامہ نگار) میاں راشد حسین میموریل ہسپتال پبی میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ پرانی دشمنی کی بنا پر ہسپتال میں زخمی شخص پر اندھا دھند فائرنگ سے 3افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ہسپتال کا اردلی بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق میر نواز اپنے بھائی کے ساتھ ڈسٹرکٹ کورٹ نوشہرہ سے واپس موٹرسائیکل پر اپنے گاﺅں جبہ داﺅدزئی تھانہ اکبرپورہ آرہے تھے جب جی ٹی روڈ پر عمرباغ اضاخیل کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے میرنواز زخمی ہوگیا جسے میاں راشد حسین میموریل ہسپتال پبی پہنچایا گیا جہاں پر ایمرجنسی میں ڈاکٹر طبی امداد دے رہے تھے کہ اسی دوران ملزمان ہسپتال میںداخل ہوئے اور زخمی میر نواز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس سے موقع پر زخمی میر نواز‘ ان کا بھائی میر بشر اور اردلی منیر خان جاں بحق اور میر نواز کا تیسرا بھائی فلک نیاز زخمی ہوگیا۔ سپتال کے اندر فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا اور ہر طرف افراتفری کی وجہ سے مریض بھاگتے رہے۔ اس دوران پولیس نے ایک ملزمہ خاتون بانو کو موقع پر گرفتار کیا اور ان کا بھائی شاہ ظاہر فرار ہوگیا۔
پبی