شہباز شریف نے پہلوان کو دائو لگا کر چت کردیا، پگڑی پہنائی گئی ، گرز پیش کیا گیا چودھری اشرف نے بکروں کا صدقہ دیا وزیراعلیٰ آئی لو یو کے نعروں کا جواب دیتے رہے
گوجرانوالہ(فرحان راشد میر) وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف نے سٹیج پر پہلوان کو دائو لگا کر چت کردیا جبکہ ایم پی اے نے روایتی پگڑی پہنانے کے ساتھ گرز پیش کیا۔ جناح سٹیڈیم میں جلسہ کے دوران پہلوانوں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اس دوران ایک پہلوان انہیں ملنے کے کیلئے آگے بڑھا تو میاں شہبازشریف نے اچانک دائو لگا کر پہلوان کو چت کردیا اور پھر پہلوان کو گلے لگالیا۔ جناح سٹیڈیم میں میاں شہباز شریف کا خطاب سننے کیلئے آنیوالا کارکن گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہو گیا جبکہ جلسہ گاہ کے باہر سٹالوں پر مہنگے داموں جھنڈے، ٹوپیاں، بیج فروخت ہوتے رہے۔ جلسے کے موقع پر ایم پی اے چوہدری اشرف وڑائچ نے 5 بکروں کا صدقہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جیسے لیڈر روز روز پیدا نہیں ہوتے، عوام انکی صحت یابی کے لئے دعا کریں۔ ٭ میاں محمد شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر 5.21 پر گوجرانوالہ پہنچے، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سمیت مقامی قیادت نے استقبال کیا ۔٭ شہباز شریف نے فلائی اوور کا فلائی جائز لیا۔ ٭ وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خاں نے شیر شیر کے نعرے لگوائے ۔ ٭ میاں شہباز شریف کے جوش خطابت میں ہاتھ لگنے سے ڈائس پر پڑے مائیک گر گئے۔ ٭ شہباز شریف نے کارکنوں کے آئی لو یو، آئی لو یو نعروں کو جواب آئی لو یو، آئی لو یو کہہ کر دیا۔ ٭ صدر ٹریڈر ونگ مسلم لیگ ن خواجہ تنویر اشرف نے سٹیج پر میاں شہباز شریف کو نوائے وقت میں انکی آمد کے حوالے سے لگے اشتہارات دکھائے۔ ٭ ایم پی اے عبدالرئوف مغل نے سٹیج پر نماز عصر ادا کی۔ ٭ شہباز شریف 6.09 پر بذریعہ ہیلی کاپٹر روانہ ہو گئے۔ ٭ میاں شہباز شریف نے اگلے الیکشن کے بعد گوجرانوالہ میں میٹروبس، ملٹی سٹوری ہسپتال ، خانقاں ڈوگراں سے منسلک سڑک بنانے اور یو ای ٹی رچنا کالج کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔ ٭ جلسہ گاہ جناح سٹیڈیم اور شہر بھر کو ہورڈنگ بورڈز سے سجایا گیا تھا۔ ٭ کارکنوں کا خون گرمانے کیلئے پارٹی ترانے چلائے گئے۔ ٭ جناح سٹیڈیم سے ملحقہ کاروباری مراکز کو صبح سے ہی بند کروا دیا گیا تھا۔