• news

زرداری ، نیازی گتھ جوڑ دفن کردینگے : شہباز شریف

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور عمران آپس میں مل گئے ہیں ان کا گٹھ جوڑ آپ کے سامنے ہے، دونوں نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا، نیازی صاحب کے پی کے میں منہ دکھانے کے قابل نہیں، اگلے الیکشن کے بعد زرداری اور نیازی گٹھ جوڑ دفن کر دیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عملی اقدامات ملک کی تر قی اور سر بلندی کے ضامن ہیں یہی حقیقی اور انقلابی تبدیلی ہے بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست کسی بھی لحاظ سے عوامی خدمت نہیں، مثبت سوچ رویئے‘ اعلی انسانی اقدار اور قومی سوچ کی ترو یج ہی عوام کی خدمت اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عو ام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہی عوام کی خدمت ہے اور اسی ویژن کو لے کر وطن عزیز کو سر بلند رکھیں گے، وہ گوجر انوالہ میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جناح سٹیدیم پہنچنے پر ایک جم غفیر نے وزیر اعلی کا انتہائی پر تپاک اور فقید المثال استقبال کیا اور انہوں نے فلک شگاف نعرے لگائے، وزیر اعلی پنجاب نے ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اپنی آمد کے بعد 14830 ملین ر وپے لاگت سے تیار ہونے والے 6 منصوبوں کا افتتاح کیا جس میں7579 ملین روپے سے جناح انٹر چینج‘ 499 ملین روپے سے پارکنگ پلازہ گوجرانوالہ‘ 119 ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لدھیوالا وڑائچ کا قیام‘ 86ملین روپے کی لاگت سے ای خدمت مرکز گوجر انوالہ‘ 94 ملین روپے کی لاگت سے ای لائبریری گوجرانوالہ اور 82ملین ر وپے کی لاگت سے شہباز شریف سپورٹس جمنیزیم شامل ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے گکھڑ میں کھیلوں کے میدان کی تعمیر‘ جی ٹی روڈ سے میڈیکل کالج گوجر انوالہ کی سڑک کی تعمیر اور شیخوپورہ گوجر انوالہ روڈ کو دو رویہ شاہراہ بنانے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ کھیلوں کے میدان کی تعمیر پر تین سو 33 ملین روپے‘ میڈیکل کالج روڈ پر 338 ملین روپے جبکہ شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کی تعمیر پر 5700 ملین ر وپے لاگت آئے گی، محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے حالیہ ضمنی انتخابات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو جاری و ساری دیکھنا چاہتے ہیں۔ جناح انٹر چینج گوجرانوالہ کی تاریخ میں ایک فقید المثال منصوبہ ہے جو تقریبًا سات ارب ستاون کروڑ روپے کی خطیر رقم سے بنایا گیا ہے یہ پانچ پلوںپر مشتمل ہے اور ٹریفک کے نظام کو جدید طرزوں پر سگنل فری بناتا ہے یہ نہ صرف گوجر انوالہ کے عوام بلکہ دوسرے اضلاع مثلًا سیالکوٹ‘ نارووال ‘ راولپنڈی ‘ گجرات‘ منڈی بہائوالدین‘ حافظ آباد کے عوام کے لئے بھی ایک بہت بڑا تحفہ اورسہولت ہے۔ گوجرانوالہ پارکنگ پلازہ تقریبًا 50 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا پہلا بڑا اور جدید منصوبہ ہے جو شہر کے مرکز گوندلانوالہ چوک میں واقع ہے اور عوام الناس کے لئے پارکنگ اور کمرشل سہولیات فراہم کرے گا جس میں تین سو سے زائد گاڑیاں بیک وقت پارک کرنے کی گنجائش ہے اور 102 کمرشل دکانیں ہیں۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لدھے والا وڑائچ کاقیام تقریبًا12 کروڑ روپے کی لاگت سے ہوا جس سے شہری و دیہاتی خواتین اپنے گھروں کے قریب بہتر تعلیمی سہولیات حاصل کر سکیں گی۔ کلاسز کا اجراء ہو چکا ہے۔ ای خدمت مرکز آٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے میں بنایا جانے والا منصوبہ ہے جو عوام الناس کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات جن میں زمین کی فرد کا اجراء ‘ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرائ‘ گاڑیوں کی رجسٹریشن‘ ڈومیسائل کا اجرائ‘ اور پیدائش ‘ وفات ‘ شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹ کے اجراء کی سہولیات مہیا کرتا ہے جس سے اب تک تقریبًا25 ہزار لو گ مستفید ہو چکے ہیں گوجرانوالہ کے عوام حکومت پنجاب کے اس اقدام کو بہت سراہتے ہیں۔ حکومت پنجاب کا پنجاب بھر کے اضلاع میں الیکٹرانک لائبریریز کا قیام ایک منفرد اور مثالی اقدام ہے جس سے نوجوان نسل کو اپنی علمی و تعلیمی سرگرمیوں کے بڑھانے میں مدد ملے گی گوجر انوالہ میں ای لائبریری کا قیام تقریبًا9 کروڑ روپے کی لاگت سے کیاگیا۔ شہباز شریف سپورٹس جمنیزیم گوجرانوالہ کے عوام کے لئے صحت مندانہ سرگرمیوں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے یہ منصوبہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیاگیا ہے جس میں طلباء و طالبات کھلاڑی اور عوام الناس کی بڑی تعداد مستفید ہو سکے گی اس جمنیزیم میں جدید طرزوں پر مختلف کھیلوں مثلًا بیڈ منٹن‘ باکسنگ‘ والی بال‘ ٹیبل ٹینس‘ باسکٹ بال‘ مرد و خواتین کیلئے جمنیزیم‘ کراٹے و دیگر کھیلوں کے تربیت یافتہ کوچز کی زیر نگرانی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح گکھڑ سپورٹس Arena تقریباً33 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس میں تمام کھیلوں (کرکٹ ‘ ہاکی ‘ والی بال‘ فٹ بال ‘ ٹینس‘ بیڈ منٹن ) وغیرہ کے لئے گرائونڈز اور جدید طرز پر تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے جس سے نوجوان نسل کو اپنی غیر نصابی سر گرمیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ جی ٹی روڈ تا میڈیکل کالج گوجرانوالہ سڑک کی تعمیر و بحالی ایک اہم منصوبہ ہے جو تقریبًا33 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے6 کلومیٹر لمبا اور 24 فٹ چوڑا تعمیر کیا جا رہاہے۔ شیخوپورہ گوجرانوالہ دوہری شاہراہ تقریبًا5 ۔ ارب70 کروڑ روپے کی لاگت سے 43کلو میٹر لمبی تعمیر کی جار ہی ہے جو کہ مصروف اور قریب ترین مرکزی شاہراہ ہے یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جا رہا ہے،وزیر اعلی پنجاب نے گوجرانوالہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے گوجرانوالہ یونیور سٹی ‘ ملٹی سٹوری سرجیکل ٹاور‘ میٹر و بس عالم چوک پر فلائی اوور کی تعمیر کی تعمیرکااعلا ن کیا۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ ساڑھے چار سالو ں سے گوجرانوالہ ڈویژن کو 40 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے گئے تھے جبکہ آئندہ 60 ارب ر وپے عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے ۔جلسہ عام سے وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خاں‘ وفاقی وزیر قانون محمود بشیر ورک‘ وزیر مملکت برائے انسانی حقوق بیرسٹر عثمان ابراہیم نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن