نیب کا پنجاب کے بعد خیبر پی کے، سندھ کے بڑے منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ
لاہور (میاں علی افضل سے) نیب نے پنجاب کے بعد سندھ اور خیبر پی کے میں بھی بڑے منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، دونوں صوبوں میں گذشتہ 5سالوں کے دوران شروع ہونے والے بڑے منصوبوں کے پی سی ون حاصل کئے جائیں گے جس کے لئے متعلقہ محکموں کو خط لکھے جائیں گے اور دئیے جانے والے تمام کنٹریکٹ کی جانچ پرٹال کی جائے گی۔ تحقیقات میں بڑے پیمانے پر کرپشن کیسسز سامنے آنے کا امکان ہے۔ تحقیقات کا فیصلہ نیب کو موصول ہونیوالی متعدد درخواستوں پر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ذارئع نے مزید بتایا ہے کہ نیب کو سندھ اور خیبر پی کے میں شروع ہونیوالے بڑے منصوبوں سے متعلق بہت سی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں جس میں دونوں صوبوں کے بڑے پراجیکٹ میں بہت زیادہ کرپشن ہونے کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھے جائیں گے ابتدائی طور پر صوبوں کے محکمہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ موصلات و تعمیرات، محکمہ انہار اور محکمہ خوراک کے بڑے پراجیکٹ سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی ان محکموں سے آئندہ چند ہفتوں میں ریکارڈ طلب کیا جائے گا اور ایوارڈ کئے جانیوالے تمام کنٹریکٹ کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ نیب کو ملنے والی درخواستوں میں درخواست دینے والوں سے بھی ثبوت طلب کئے جائیں گے اور تحقیقات کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔