شیخوپورہ: ٹریفک حادثات میں2 سگی بہنوں سمیت8 افراد جاں بحق‘ 4 زخمی
شیخوپورہ، مانانوالہ، جوئیانوالہ، جنڈیالہ شیر خان، فیروزوالہ، لاہور (نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر) دو کونسلر، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی مانانوالہ کا بھتیجا، سابق ناظم کا بھائی مانانوالہ سے لاہور جاتے ہوئے شیخوپورہ کے قریب کا حادثے میں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ بینک منیجر فیصل عمران معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا، حادثہ پتھر سے لوڈ ڈمپر کار کے اوپر گرنے کے باعث پیش آیا مانانوالہ کے تاجروں نے اپنے پیاروں کے غم میں مانانوالہ کی تمام مارکیٹیں مکمل طور پر بند رکھی۔ کونسلر خان عبدالوحید خان، طاہر حیات خان ،وائس چیئر مین میونسپل کمیٹی ملک محمد سلیم کا بھتیجا ملک محمد عمر، سابق ناظم بلدیہ مانانوالہ کا بھائی رانا اسرار احمد خان اور بینک منیجر فیصل عمران رات11بجے کار میں مانانوالہ سے لاہورجا رہے تھے۔ لاہور شیخو پورہ ہائی وے روڈ پر شیخوپورہ کے قریب تیز رفتار پتھر سے لوڈ ڈمپر بے قابو ہو کر فٹ پاتھ کے ساتھ ٹکراتے کار کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجے میں کار میں سورا چاروں دوست موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور نعشوں کو باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ میتیں گھروں میں پہنچنے پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا، کمسن بچے نعشوں سے لپٹ کر روتے رہے۔ چاروں دوستوں کی اجتماعی نماز جنازہ مانانوالہ کی گرائونڈ میں ادا کی گئی جس میں رکن قومی اسمبلی چودھری بلال ورک سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے اٹھنے پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ عینی شاہد کے مطابق لوڈر ٹرالی سے گرنیوالی توڑی اور اس سے اڑنے والی دھول سے کار اور ڈمپر کے ڈرائیورز کچھ دکھائی نہ دے رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ ہوا۔ دریں اثنا فیروزوالہ میں سرگودھا کے زمیندار عارف کا بیٹا شمائل اپنی دو بہنوں اقراء اور ثنا کے ہمراہ کار پر شادی میں شرکت کیلئے آرہا تھا کہ ٹائر پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں بہنیں موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ شمائل شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں حافظ آباد روڈ پر قصبہ اجنیانوالہ کے قریب اینٹوں سے لدی ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان 24 سالہ قیصر مسیح اور 25 سالہ عمران ہلاک ہوگئے جبکہ نعیم اور وقاص شدید زخمی ہوئے۔ چاروں افراد کا تعلق شیخوپورہ کے محلہ خالد روڈ سے بتایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔