کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس سٹاف کا ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کا اعلان
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر خوستی اور آل پاکستان پیرا میڈیکس سٹاف فیڈریشن کے صوبائی صدر فضل الرحمن کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے سرکاری ہسپتالوں اور ڈاکٹر و پیرامیڈیکس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے غیر سنجیدہ ہیں 6دن گزرجانے کے باوجود ہمارے مسائل اور مطالبات جوں کے توں ہیں لہذا آج سے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں کوئی بھی ڈاکٹر اور پیر امیڈیک او پی ڈیز میں ڈیوٹی نہیں دے گا آئندہ 3روز میں مطالبات تسلیم کرنے کا نوٹفکیشن جاری نہیں ہوا تو وزیراعلی سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا دیں گے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو سول ہسپتال کوئٹہ میں قائم احتجاجی کیمپ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 6دنوں سے ہمارا پرامن احتجاج جاری ہے لیکن اب تک نہ کسی حکومت وزیر نہ ہی کسی اعلی حکام نے ہم سے رابطہ کیا ہے ہسپتالوں میں سہولیات اور ادویات کا فقدان ہے پیرامیڈیکس کے منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہورہاڈاکٹر وظیفے اور الائونسز میں اضافے سے محروم ہیں لیکن ہم نے مریضوں اور سائلین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹوکن ہڑتال کی۔ وزیر صحت کے توسط سے آنیوالے بااثر افراد صوبے کے ہسپتالوں سے بھتہ وصول کررہے ہیں بلوچستان میں نہ تو کینسر انسٹیٹوٹ ہے نہ ہی امراض قلب کیلئے کوئی مخصوص ادارہ ہے مریض در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں مگر بیوروکریسی اور وزراء کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی کیونکہ انہوںنے اپنا علاج مختلف شہروں میں ریفر کراکے بڑے ہسپتالوں سے کروانا ہوتاہے انہیں عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں ہے مگر ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس نے عوام کو ریلیف پہنچانے کا جو مشن شروع کیا ہے ہم اسے پائیہ تکمیل تک لیکر جائیں گے۔