انکوائری کمشن نے لاپتہ افراد کے 53 کیس نمٹا دیئے، رواں ماہ 116 نئے درج
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے فروری 2018 کی رپورٹ جاری کر دی۔ کمیشن نے گزشتہ ماہ کے دوران مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے491کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے53کیس نمٹا دئیے۔ گزشتہ ماہ کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدگی کے116نئے کیس درج ہوئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد 1640 ہوگئی۔ اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق فروری 2018کے دوران چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال، جسٹس(ر) ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے 491 کیسوں کی اسلام آباد، لاہوراورکراچی میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے۔ اسلام آباد میں 237 کیسوں، لاہور میں 50اور کراچی میں 204کیسوں کی سماعت ہوئی۔ کمیشن نے تمام کیسوں کی تفصیلی سماعت کرتے ہوئے 53کیس نمٹا دیئے۔ نمٹائے گئے کیسوں میں زیادہ تر افراد کو بازیاب کرایا گیا جبکہ بعض افراد کے کیس نامکمل کوائف اور جبری گمشدگی کے زمرے میں نہ آنے پر بند کردیئے گئے۔ جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں بعض بحالی مراکز میں ہیں جبکہ بعض کے خلاف فوجی اور سول عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں اور وہ حراست میں ہیں۔