انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کریگی، وزیراعظم عمران ہونگے: پرویز خٹک
پشاور (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کررہے ہیں، سینٹ کے چیئرمین کے لیے چھوٹے صوبے کے امیدوار کو نامزد کرنا ان کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے، اس سے نہ صرف بلوچوں کی محرومیاں کم ہوں گی بلکہ پاکستان کی سیاست اہم موڑ میں داخل ہوگی اور ان فیصلوں کا مستقبل کی سیاست پر بھی گہرا اثر پڑے گا۔ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ پاکستان کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہیں اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے اور چاروں صوبوں سمیت وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ پاکستان میں قیادت کی تبدیلی ٹھہر چکی آنے والے عام انتخابات اس سلسلے میں فیصلہ کن ثابت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوشحال خان خٹک میموریل ہال اکوڑہ خٹک میں جشن خوشحال کی تقریب اور خاورئی روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد ویلج کونسل خاورئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد ریاض خٹک نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پرویز خٹک نے کہا سینٹ چیئرمین کے لیے ہم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا ہے اور آج بھر پور قوت کا مظاہرہ کرکے سینٹ کے چیئرمین کا الیکشن جیتیں گے۔