فضائی حدود کا معاملہ: قطر نے عرب امارات‘ بحرین کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کرا دی
دوحا (صباح نیوز)قطر نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے خلاف شکایت اقوام متحدہ میں درج کرا دی۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور بحرین پر قطر کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا۔ قطر نے امارات اور بحرین کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کروا دی۔ اقوام متحدہ میں تعینات قطر کی مستقل سفیر شیخہ عالیہ احمد بن سیف نے بحرین اور یو اے ای کے خلاف فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شکایت کی۔ قطری خبر رساں ادارے کے مطابق یو اے ای کے فوجی ٹرانسپورٹ طیارے نے2مرتبہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، فضائی حدودکی خلاف ورزی 14 جنوری اور25 فروری کو کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین کے فوجی طیارے نے بھی گزشتہ ماہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سیکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔