• news

مردان: 7 سالہ بچے کی تشدد زدہ بوری بند نعش برآمد

مردان (این این آئی) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے مردان سے ایک 7 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جس کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقے تمبولک کے رہائشی وحید گل کا 7 سالہ بیٹا حارث گذشتہ روز گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا جس کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق 11 مارچ کی صبح نامعلوم ملزمان نے بچے کی لاش گھر کے قریب کھیتوں میں پھینک دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بچے کی لاش بوری میں بند تھی اور اس کے گلے پر تشدد کے نشانات تھے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کرائم سین کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے کا آغاز کردیا جبکہ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف اورغم وغصہ پایا جاتا ہے۔ بچے کے والد وحید گل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ انتہائی غریب ہے اور سبزی منڈی میں یومیہ اجرت پر مزدوری کرتا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد جب بچے کی لاش ورثا کے حوالے کی گئی تو شہریوں نے واقعہ کے خلاف مقتول کم سن بچے کی لاش اٹھاکر احتجاج کے دوران مردان نوشہرہ روڈ کو بلاک کردیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن