شاہ سلمان نے سرکاری استغاثہ میں انسدادِ بدعنوانی دفاتر کی منظوری دے دی
ریاض(این این آئی)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں سرکاری استغاثہ کے اندر خصوصی شعبوں کے قیام کی منظوری دی ہے جو بدعنوانی سے متعلق معاملات کی تحقیقات اور اس سلسلے میں استغاثہ کی کارروائی کریں گے۔ یہ شعبے براہ راست اٹارنی جنرل سے مربوط ہوں گے۔سعودی عرب کے اٹارنی جنرل شیخ سعود بن عبداللہ المعجب کے مطابق مذکورہ دفاتر کے قیام کی منظوری ہر قسم کی بدعنوانی کے خلاف جنگ میں سعودی فرماں روا کی بھرپور توجہ اور دل چسپی کا مظہر ہے۔ اس کا مقصد وطن اور اس کے وسائل کا تحفظ ہے۔اٹارنی جنرل نے باور کرایا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد بدعنوانی کے خلاف جنگ اور اس معاشرتی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ شاہی فرمان سے قبل بدعنوانی کے مقدمات کو پبلک سروس کرائم ڈپارٹمنٹ کے تحت نمٹایا جاتا تھا۔