سنجرانی نے بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا، مانڈوی والا ٹیکساس سے تعلیم یافتہ ہیں
کوئٹہ + اسلام آباد + کراچی (بیورو رپورٹ + نمائندہ خصوصی + سٹاف رپورٹر) نومنتخب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی 14 اپریل 1978 کو بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے۔ صادق سنجرانی نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے قبائلی رہنمائوں میں ہوتا ہے اور وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔میر صادق سنجرانی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں اور ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثنااللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے۔حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلی عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے۔آپ 1998 ء میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کو آڈینیٹر رہے اور 2008 ء میں جب یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم پاکستان بنے تو ان کی جانب سے قائم کئے گئے شکایات سیل کا سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا اور وہ 5 سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔صادق سنجرانی نے 3 مارچ 2018 ء کو بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینٹ کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کر کے سینیٹر منتخب ہوئے۔ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے وزیر اعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پہلی پریس کانفرنس میں ہی چیئرمین سینٹ کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کا تعلق کراچی سے ہے وہ وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔ وہ اعلٰی تعلیم یافتہ اور ٹیکساس کے تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔ 2015ء میں سینیٹر بنے اور 2021 تک سینیٹر رہیں گے وہ سینٹ کی مختلف کمیٹیوں کے رکن ہیں وہ 25 جنوری 1959ء کو پیدا ہوئے ان کا خاندان 1921 ء سے پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے ان کی اہلیہ کا گزشتہ دنوں انتقال ہو گیا تھا۔