• news

مسلم لیگ ن کے 11نومنتخب سینیٹرز کو آزاد قرار دیکر الیکشن کمشن نے اختیارات سے تجاوز کیا، کامیابی کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ چیلنج

لاہور(وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گیارہ نو منتخب سینٹرز کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ الیکشن کمشن نے 11 سینیٹرز کو آزاد امید وار قرار دیکر اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا نے 11 سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ۔جس میں 11سینٹرز الیکشن کمشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور پارٹی صدر نااہلی کے بعد الیکشن کمشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دیا۔اپوزیشن جماعت کی رہنما نے الیکشن کمشن پر اعتراض اٹھایا کہ کمشن کے پاس کوئی ایسا اختیار نہیں ہے جس کے تحت کسی جماعت کے امید واروں کو آزاد امیدوار قرا دیا جاسکے۔ درخواست گزار ڈاکٹر زرقا کے مطابق الیکشن کمشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور غیر قانونی طور پر امیدواروں کو آزاد قرار دیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمشن کا مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد قرار دینے اور ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن