چیئرمین ایچ ای سی تقرری پر نواز شریف کیخلاف اور بلین ٹری منصوبے کی تحقیقات ہونگی: نیب
اسلام آباد(نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم میاں حمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف چئرمین ایچ ای سی کی تقرری اور خیبر پی کے میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خورد برد کی شکایات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ہدایت کی ہے غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیزکی طرف سے عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں ۔ قومی احتساب بیورو (نیب)کے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجوکیشن کمشن کے چئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی اور خیبر پی کے حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کے خلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میںنیب میں جاری راولپنڈی /اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف متعلقہ اداروں ، سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کی طرف سے غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی خصوصاََ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورتحال اور نیب میںغیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری انکوائریوں اور انوسٹی گیشن پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ چئیرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کوہدایت کی عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی نہ صرف یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں بلکہ نیب میں جاری تمام انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو بر وقت مکمل کر کے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ چئیرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی وہ سادہ لوح عوام کو غیر قانونی نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کے متعلق نہ صرف بر وقت آگاہی فراہمی کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔ چئیرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی راولپنڈی /اسلام آباد میں قائم نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی لگائیں۔ چئیرمین نیب نے عوام سے بھی کہا وہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی صرف اور صرف قانون کے مطابق قائم نجی اور کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز میں پوری تسلی اور اطمینان کے بعد لگائیں۔ آئی این پی کے مطابق ڈی جی نیب سندھ الطاف باوانی کی زیر صدارت اجلاس میں بدعنوانیوں کے بارے میں موصول ہونے والی 3 واقعات کی انکوائری کرنے کی منظوری دی گئی، پہلی انکوائری گل محمد بروہی اور دیگر کے خلاف کی جائے گی، جس میں جامشورو، الحبیب ریسٹورنٹ سپرہائی وے اور شاہی بازار حیدر آباد میں اربوں کی جائیداد کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور ناجائز قبضے کے خلاف انکوائری کی جائے گی،جبکہ دوسری انکوائری ضلع مٹیاری ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے ایگزیکٹو انجنئیر جلال الدین ھسبانی کے خلاف کی جائے گی ،جلال الدین ھسبانی پر الزام ہے انہوں نے حیثیت سے زائد 16 کروڑ روپے کے اثاثے بنائے، تیسری انکوائری سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرکے محکمے میں 417 ملین روپے کی ہونے والی بدعنوانی کے بارے میں کی جائے گی۔