پورٹ الزبتھ: آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست، دوسرا ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے نام، سیریز برابر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان پروٹیز نے کینگروز کو 6وکٹ سے شکست دیدی ہے۔دونوںٹیموں کے درمیان4 میچوں کی سیریز 1-1سے برابر ہوگئی جبکہ میچ میں 11وکٹیں حاصل کرنے پر پروٹیز بولر کاگیسو ربادا کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔میچ میں آج چوتھے دن کا کھیل جاری تھا، جہاں کینگروز ٹیم نے پروٹیز ٹیم کو جیت کے لیے 101رنز کا ہدف مقرر کیا، جو مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 22.5اوورز میں حاصل کرلیا۔پروٹیز کی جانب سے اننگز کے ٹاپ اسکورر ابراہم ڈی ویلیئرز رہے، جنہوں نیتیزی سے 28رنز اسکور کیے، جبکہ ہاشم آملہ نے 27، ایڈن مارکرام21 اور ڈین الگر 5رن بنا کر نمایاں رہے۔کپتان فاف ڈوپلیسی2اور تھینوس ڈی بروئن15رنز کے اسکور پر ناقابل شکست رہیاور ٹیم کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم کینگروز بولرز کی جانب سے نیتھن لائن نے 2، جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا، تو آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 180رنز 5 وکٹ کے نقصان پر دوبارہ شروع کی، تو ان کی پوری ٹیم 79اوورز میں 239رنز اسکور کرکے ڈھیر ہوگئی۔پکینگروز کی اننگز میں ٹاپ اسکورر عثمان خواجہ رہے، انہوں نے 75رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ مچل مارش نے 45رنز اسکور کیے تاہم پروٹیز بولرز کی جانب سے کاگیسو ربادا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کیں اور ساتھ ہی کیشو مہاراج اور لونگی نگیدی نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ اپنی پہلی اننگز میں 382رنز اسکور کرکے آئوٹ ہوگئی، اننگز کے ٹاپ اسکور ر ابراہم ڈی ویلیئرز رہے ، انہوں نے ایک چھکے اور 20چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 126رنز اسکور کیے تھے جبکہ ڈین ایلگر 57اور ہاشم آملہ 56رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔ادھر کینگروز کے بولرز کی جانب سے پیٹ کمنزنے 3، جوش ہیزل وڈ اور مچل مارش نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ پورٹ الیزبیتھ میں شروع ہوا ،تو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔لیکن ان کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور پوری ٹیم 71.3اوورز میں 243اسکور کرکے آئوٹ ہوگئی، اننگز کے ٹاپ اسکورر ڈیوڈ وارنر رہے ،جنہوں نے 63 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر ٹم پین 36، کپتان اسٹیون اسمتھ 25 اور شان مارش24رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔پروٹیز بولرز کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 96رنز کے عوض 5 شکار کیے،جبکہ لونگی نگیدی نے 3اور ورنن فیلنڈر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ کیپ ٹائون میں 22مارچ سے جبکہ چوتھا ٹیسٹ 30مارچ سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔