• news

پی ایس ایل فائنل کے بعد بھی کراچی میں انٹرنیشنل میچز ہونگے: ناصر حسین شاہ

کراچی(آئی این پی) صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ فائنل کے بعد بھی کراچی میں انٹرنیشنل میچز ہوں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے بعد بھی کراچی میں انٹرنیشنل میچز ہوں گے تاہم آئندہ کے ایونٹس کا دارومدار پی ایس ایل کے فائنل سے وابستہ ہے۔ناصر حسین نے کہا کہ فائنل کے انعقاد پر نجم سیٹھی کے شکر گزار ہیں، انتظامات کی وجہ سے شہریوں کو دشواری ہوگی لیکن ہمیں شہریوں کا تعاون درکار ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ 3 کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔ پی ایس ایل فائنل کیلئے تیاریاں مکمل اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے مگرسکیورٹی کو مزید بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بھی اس سلسلے میں تعاون کرنا ہوگا اور جو قوانین بنائے گئے ہیں ان پر عمل کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن