ریاستیں تجارت سے ترقی کرتی ہیں، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرینگے: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد (این این آئی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر خطہ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھار ہی ہے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے خطہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو جملہ سہولیات اور قانونی تحفظ مہیا کیا جائے گا ریاستیں سرکاری ملازمتوں سے نہیں کاروبار اور تجارت سے ترقی کرتی ہیں آزاد کشمیر میں کام کرنے والے شیڈول بنکوں کو اس بات کا پابند بنائیں گے کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء کریں، آزاد کشمیر میں پراپرٹی ٹیکس اسمبلی نے لگایا اب اسمبلی ہی ختم کرے گی۔سرکاری ملازمین ماضی میںلوگوں کے کہنے پر غلط کام کرتے رہے۔ بیشتر سرکاری ملازمین عوام کے جائز کام نہیں کرتے اور غلط کاموں میںحصہ دار بنتے ہیں، ایسے ملازمین کو جوابدہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مخلوق خدا کے لیے آسانیاں پیدا کریں نہ کہ مشکلات، اگلے سال مظفرآباد اور راولاکوٹ میں میڈیکل کالجز کے ہمراہ نرسنگ سکول قائم کئے جائیں گے۔ جن لوگوں نے اراضی کا معاوضہ لیکر قبضہ کر رکھا ہے انھیں بتا دینا چاہتا ہوں انھیں اراضی چھوڑنا پڑے گی۔ جب پی این اے کے ذوالفقار علی بھٹو مرحوم سے مذاکرات ہو رہے تھے اس وقت بھی ایکٹ 1974کا معاملہ شامل تھا۔ کشمیر کونسل کے خاتمے سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا۔ ایل او سی ٹریڈ کے ذریعے آنے والے تجارتی سامان کے لیے وئیر ہائوس بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے آزادکشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور کشمیر بنک کے زیر اہتمام نئے کاروبار کے اجراء اور تاجروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے کئی سکیمیں شروع کر رکھی ہیں ان سکیموںکے حجم میں مزید اضافے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے آزاد کشمیر سے جبری لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی سطح پر پیش رفت جاری ہے۔ معاشرے میںبہتری لانے کے لیے تمام مکاتب فکر کے افراد حکومت سے تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر جائنٹ کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کے دوران کیا تقریب سے وزیر صنعت و تجارت محترمہ نورین عارف، تاجر جائنٹ کمیٹی کے نو منتخب چیئرمین عبدالرزاق خان، سرپرست اعلیٰ خواجہ فاروق احمد قادری، بشارت مغل، میر امتیاز، اشفاق ترین، نثار الرحمن عباسی، اصغر نثار میر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیر نے سٹی سکول کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اورطالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں ان کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔