پاک افغان سرحد کے قریب ننگر ہار میں ڈرون حملہ‘ داعش کمانڈر کے بیٹے سمیت6 ہلاک
کابل (صباح نیوز + این این آئی) افغان صوبے ننگر ہار میں ڈرون حملے کے نتیجے میں شدت پسند کالعدم تنظیم داعش کے 6 جنگجو ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صوبے ننگر ہار میں پاک افغان سرحد کے قریب نازیان کے علاقے میں ڈرون حملہ کیا گیا جس میں کالعدم داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں کالعدم داعش کے 6 جنگجو مارے گئے جن میں داعش کمانڈر داد محسود کا بیٹا بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی حکام نے فوری طور پر مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ یاد رہے چند روز قبل داعش نے مسلمانوں کو دعوت دی تھی وہ شام یا عراق نہیں جا سکتے تو افغانستان میں آجائیں۔ افغان صوبہ فراہ اور نمروز میں افغان فوج اور دہشت گردوں میں جھڑپیں ہوئیں افغان حکام کے مطابق جھڑپوں میں 63 دہشت گرد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے جھڑپوں میں 24 افغان فوجی جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔