• news

نیو اسلام آباد ائرپورٹ اپریل کے آ خری عشرے میں فعال کر دیا جائے گا: سردار مہتاب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ پاکستان کا سب سے بڑا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ رواں سال اپریل کے آخری عشرے میں آپریشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹائم فریم کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ائیر پور ٹ کی بر وقت تکمیل اور آپریشنل تیاری کے حوالے سے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے معائنہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایوی ایشن ڈویژن، سول ایوی ایشن اتھارٹی اینٹی نارکوٹکس اور پی آئی اے کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ سردار مہتاب کو بتایا گیا کہ 85 بلین کی لاگت سے تکمیل ہونے والا جدید سہولیات سے آراستہ پاکستان کا سب سے بڑا ,ائیر پورٹ بین الاقوامی معیار سے آراستہ ہے جبکہ اس جدید ائیر پورٹ پر سالانہ 9 ملین مسافروں کی گنجائش ہو گی نیز اس ائیر پورٹ پر کثیر المنزلہ کار پارکنگ، 15مسافر بورڈنگ لائونجزکی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن