مسلم لیگ (ن) سے گلہ ہے‘ عمران کے پائوں پر ہاتھ رکھ سکتا ہوں پاکستان کو چلنے دیں: جاوید ہاشمی
ملتان (ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے گلہ ہے، مجھ سے پوچھا تک نہیں کہ کیا ہورہا ہے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ نگران حکومت آئی تو اس پر متفق نہیں ہونے دیا جائے گا، معاملہ پھر سپریم کورٹ میں چلا جائے گا اور انتخابات ایک یا دو مہینے کیلئے منسوخ ہوسکتے ہیں۔ جو بات آئین سے ہٹ کر ہوتی ہے وہ مارشل لا ہوتا ہے۔ اب ایک دوسرے کو جوتے مارنے کی سیریز چل پڑی ہے۔ نوازشریف کو جیل میں ڈالا گیا تو احتجاج بڑھے گا، جمہوریت اور پاک فوج کو آمنے سامنے نہ کریں۔ ججز نے پی سی او کے تحت حلف اٹھائے، آج وہی ملک وقوم کے فیصلے کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے پیچھے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز رو رہے تھے کہ ہمیں ووٹ دینا پڑ رہا ہے۔ الیکشن لڑوں یا نہ لڑوں لیکن ملک بچانے کی جنگ ضرور لڑوں گا۔ ملک میں خطرناک بحرانوں کا وقت آنے والا ہے، موجودہ سیاستدان کا رویہ بچوں جیسا ہے، میں عمران کے بھی پائوں پر ہاتھ رکھ سکتا ہوں کہ خدا کے لئے پاکستان کو چلنے دو۔ میاں صاحب نے مجھے ٹکٹ کی پیش کش کی ہے جو میں نے فی الحال قبول نہیں کی۔ نواز شریف، ایم کیو ایم کی باری آ چکی ہے، زرداری عمران کی بھی وہ باری آئے نہ آئے ایسی باری آ گئی ہے جو آئین سے ہٹ کر بات ہوتی ہے وہ مارشل لا ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ کو چاہئے تھا مجھے اور عمران کو بلاتے اور پوچھتے کہ اپنی باتیں ثابت کرو۔ ایک دوسرے کو مار کر کیا ہوگا۔ پاک فوج کی میں بہت عزت کرتا ہوں اور اس کے سربراہ بھی مجھے بہت عزت دیتے ہیں، میں فوج کے ہرگز خلاف نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مجھے آرمی چیف نے کھڑے ہو کر سیلیوٹ کیا یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔