• news

بنی گالہ کیس: وزیر کیڈ کی طلبی، قانون کے مطابق کارروائی ہو گی: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات اور راول ڈیم میں آلودہ پانی کی آمیزش سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے تعمیرات سے متعلق ریگولیشن نہ بنانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وفاقی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے جبکہ کیس کی سماعت اپریل کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بنی گالہ کی پراپرٹی لیگل ہے ریگولیشن بنائے جائیں جو جرمانہ ہوا ادا کرنے کے لیئے تیار ہیں قانون سب کے لیئے یکساں ہونا چاہیے۔ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ میٹنگ ہوئی تھی مگر ریگولیشن قوانین نہیں بنائے جاسکے عدالت کچھ مہلت دے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ریگولیشن قوانین بنائے جائیں اس پر سختی سے عمل کیا جائے عدالت نے کسی غیر قانونی تعمیر کے حوالے رعایت کرنے کے لیئے کہا اگر بنی گالہ میں عمران خان کی پراپرٹی غیر قانونی ہے تو اس کے خلاف بھی قانون (بنائے گئے ریگولیشن) کے مطابق کارروائی کی جائے، تمام غیر قانونی تعمیرات کے لیئے قانون کا یکساں استعمال ہونا چاہئے، دوران سماعت ایک خاتون نے کہا کہ ان کی 144 کنال اراضی پر سی ڈی اے کی مبینہ ملی بھگت سے قبضہ کرلیا گیا سی ڈی اے کہتی ہے قوانین نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ادارے اپنا کام نہیں کرتے جب عدالت حکم دیتی ہے تو مداخلت کرنے کا کہا جاتا ہے، راول ڈیم میں گندے پانی کی ملوٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس پر بھی کام جاری ہے پائپ لائن سسٹم کا پی سی ون تیار ہے منظوری کے لیئے ضلعی انتظامیہ کو بھجوایا ہے منظوری کے بعد جلد عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن