شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کی سماعت آج ہوگیچ
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نیب کی جانب سے دائرریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد بشیر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں دائر ضمنی ریفرنسزکی سماعت کریں گے۔ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں دائر ضمنی ریفرنسز کے گواہان اپنے بیان ریکارڈ کرائیں گے اور میاں نواز شریف کے وکیل ان پر جرح کریں گے۔ عدالت نے آج کی سماعت میں 5گواہ کو طلب کر رکھا ہے۔ گزشتہ سماعت پر استغاثہ کے چار گواہ شاہد محمود، وقار عمر دراز اور حسن ریاض کے بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے چاروں گواہان پر جرح بھی مکمل کرلی تھی۔ استغاثہ کے اہم ترین گواہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میںکل (جمعرات کو) اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث ان پر جرح کریں گے، گزشتہ سماعت پر واجد ضیاء کا بیان مکمل نہ ہو سکا تھا۔