میڈیا غلط فہمیاں دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے‘ ایرانی افسر
تہران (جاوید صدیق) ایرانی وزارت خارجہ کے پبلک ڈپلومیسی کے انچارج ناظر عارضی نے پاکستان اور ایران کی سرحد کو زیادہ محفوظ بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافہ کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے۔ منگل کے روز ایرانی وزارت خارجہ میں پاکستانی صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان اور ایران کے ذرائع ابلاغ دونوں ملکوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو ختم کرنے اور پاکستان اور ایران کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران اگر اپنے وسائل سے استفادہ کریں تو دونوں ملکوں کی معیشت بہت طاقتور ہو سکتی ہے۔ ایران کی میڈیا اور پبلک ڈپلومیسی کے انچارج نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کو ایران میں اپنے نمائندے بھیجنے چاہئیں اور پاکستانی عوام کو ایرانی کی صحیح تصویر دینا چاہئے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی اسلامی ملکوں میں پائے جانے والے اختلافات بات چیت اور مسلسل رابطوں کے ذریعہ ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں افغانستان میں امن اور استحکام کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔