مقبوضہ : بھارتی فوج کی بچھائی بارودی سرنگ پھٹنے سے نوجوان شہید ، سانحہ شوپیاں کیخلاف ہڑتال جاری
سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں کیخلاف شوپیان میں متواترآٹھویں روزبھی زندگی مفلوج رہی۔ اس دوران پہنواور پنجورہ کے لوگوں نے فوجی کیمپ کی منتقلی کامطالبے پرزور دیا ہے۔ شوپیان قصبہ سمیت ضلع کے بیشتر علاقوں میں تمام بازار اورکاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں سے مسافر گاڑیاں بھی عملاً غائب رہیں۔ نئی دہلی کی ایک عدالت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے پیلٹ گن سے متاثرہ کشمیری نوجوانوں کی تصاویر ویب سائیٹ پر جاری کرنے کے جرم میں گرفتار کشمیری فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کی ضمانت منظور کر لی۔ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فوج کی طرف سے بچھائی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شہری 25 سالہ عاشق حسین جاں بحق ہو گیا ہے۔ حریت قائدین نے اننت ناگ کے خونین معرکے میں شہید ہوئے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں و کشمیر میں قتل عام رکنے کا نام نہیں لے رہا‘ شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ بھارت کشمیر کو نو آبادی تصور کرتا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں حریت قائدین سید علی گیلانی ، میرواعظ اور یاسین ملک نے کہا جموں و کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہو رہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پس منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف اپنی فوجی طاقت سے حل کرنا چاہتے ہین ۔ قائدین نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہر گز ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا قوم کے بہادر نوجوان ہی تاریخ رقم کرسکتے ہیں، یہ کام بزدلوں کا نہیں ہے۔ تحفظ انسانی حقوق ریاستی کمشن نے سوپور میں25برس قبل پیش آئے قتل عام سانحہ پر مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کو دو ہفتوں کے اندر کیس سے متعلق تازہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔