ملالہ یوسفزئی کی اگلی کتاب پناہ گزین خواتین کی زندگی اور ان کی داستان پر مبنی ہوگی
نیویارک (این این آئی) نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کی اگلی کتاب پناہ گزین خواتین کی زندگی اور ان کی داستان پر مبنی ہوگی۔کتاب شائع کرنے والے ادارے ویڈین فیلڈ اینڈ نکولسن کے مطابق ملالہ یوسفزئی کی اگلی کتاب وی آر ڈسپلیسڈکے نام سے رواں برس ستمبر 4 کو شائع کی جائے گی۔ دی بک سیلر کی ایک رپورٹ کے مطابق کتاب ملالہ یوسفزئی کی زندگی کے ذاتی، پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے سے حاصل ہونے والے تجربات کے گرد گھومتی ہے، ملالہ کو امید ہے کہ وہ اس بحران اور اعدادوشمار کے گورکھ دھندے کے پس پردہ انسانیت کی کہانیوں کو سامنے لے کر آئیں گی۔ ملالہ کتاب کے ذریعے ان مختلف لڑکیوں کے تجربات کو سامنے لائیں گی جنہوں نے بے گھر ہو کر مشکلات کا سامنا کیا وہ کیسے پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزار رہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ملالہ یوسفزئی کی کتاب 'آئی ایم ملالہ' بھی شائع ہوکر بیسٹ سیلنگ کتاب کا درجہ اختیار کرچکی ہے۔ ملالہ کی ایک اور کتاب ملالاز میجک پینسل ہے جو انہوں نے اپنے بچپن سے متاثر ہو کر لکھی تھی جس کی اب تک 5321 کاپیاں پوری دنیا میں فروخت ہوچکی ہیں۔ یاد رہے کہ 20 سالہ ملالہ کو 2012 میں سوات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد وہ بیرون ملک منتقل ہوگئیں اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ ملالہ کو 2014 میں محض 17 برس کی عمر میں امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔