• news

وزیردفاع کا سرگودھا ائربیس کا دورہ، پاور سنٹر سے متعلق بریفنگ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے مصحف ایئربیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایئربیس کے آپریشنز کا جائزہ لیا جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر کو ایئر بیس پرنئے قائم کئے گئے پاور سینٹر آف ایکسیلینس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مصحف ایئربیس کے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے اواکس ایئرکرافٹ کی تربیتی مشق دیکھی۔اس موقع پر چیف آف ایئر سٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان نے اس تربیتی مشق کے بارے میں آگاہ کیا۔ بیس پر وفاقی وزیر دفاع نے تربیتی مشق کے لئے جہاز کی روانگی دیکھی اور جے ایف 17 طیارے کا معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر نے جے ایف 17 کی فلائٹ لائن کے زمینی عملے اور تکنیکی ماہرین سے خطاب کیا اور ان کی محنت اور خلوص کی تعریف کی خصوصاً آپریشن ضرب عضب کے دوران ایئرفورس کے اہم کردار کو سراہا۔جدید ترین طرز پر تعمیر کیا گیا ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس، ایک ایسا اہم ادارہ ہے جو کہ پاک فضائیہ کے پائلٹوں کے علاوہ دوست ممالک کے پائلٹوں کو بھی بین الاقوامی تربیتی مشقوں کے دوران بہترین تربیت فراہم کرے گا۔وزیر دفا ع نے کمبیٹ کمانڈرز سکول اور JF-17ا سکواڈرن کے دورے کے دوران سکواڈرن کے فضائی اور زمینی عملہ کے ساتھ کچھ وقت گزارا ۔ ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کے کمانڈنٹ نے وفاقی وزیر دفاع کو سہولیات، مختلف کورسز اور مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایئرچیف نے وزیر دفاع کو بتایا کہ اے سی ای 2016-17 کے دوران 15 ماہ کے ریکارڈ وقت میں تعمیر کیا گیا اور اب یہ دنیا بھر میں کثیر المقاصد مشقوں کے ساتھ ساتھ ہر سطح پر پی اے ایف کے اہلکار تربیت دینے کے لئے عالمی سطح پر موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے ایئر چیف کے اے سی ای کے وژن کو سراہا اور اے سی ای کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آپریشنز میں ضم کرنے پر افسران اور عملے کی تعریف کی اور مستقبل میں ترقی کے لئے حکومت کے مکمل تعاون کی پیش کش کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی اعلیٰ صلاحیتوں ، کردار اور پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردارکی بھی تعریف کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی سے ملکی فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعادہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری سب سے مقدم ہے اور پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن