محراب پور میں پولیس کی بڑی کارروائی‘ دیسی ساختہ بم‘ آلات اور گولیاں بر آمد
محراب پور (نامہ نگار) محراب پور پولیس کی گاؤں واحد بخش نانگراج میں بڑی کارروائی‘ 2 دیسی ساختہ بم، ریموٹ کنٹرول، بم بنانے کے آلات، گولیاں، بال بیرنگ برآمد کر لئے۔ ایس ایچ او محراب پور منیر احمد لغاری نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ہسٹڑی پولیس تھانہ حیدر آباد میں بم بنانے کے آلات سمیت گرفتار ایک یونیورسٹی طالب علم مظفر حسین نانگراج سے دوران تفتیش پولیس کو فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں گاؤں واحد بخش نانگراج میں گرفتار ملزم کے گھر پر کارروائی کی اور لکڑیوں کے نیچے گڑھا کھود کر چھپائے گئے بم برآمد کر لئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 43/2018 درج کر کے 7 دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ ملزم ہسٹڑی پولیس تھانہ کے مقدمہ نمبر 42/2018 میں پہلے ہی 15 دن کے ریمانڈ پر ہے مذکورہ ریمانڈ دو دن میں ختم ہو گا جس کے بعد ملزم کو اپنی تحویل میں لے کر محراب پور پولیس تفتیش شروع کرے گی۔ ایس ایچ او سے ملزم کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلقات کے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ملزم کا ایک قوم پرست تنظیم شفیع برفت گروپ سے تعلق کے ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ایجنٹ کلبھوش یادیو سے تعلقات کی تفیتش کی جائے گی۔