نیلم جہلم پراجیکٹ سے رواں ماہ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائیگی: چیئرمین واپڈا
لاہور (نیوز رپورٹر) واپڈا اپنے ماضی کی شاندار روایت کے مطابق ایک بار پھر پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کو نہایت تیزی کے ساتھ مکمل کر رہا ہے اگست 2017ء سے اب تک تین منصوبے آپریشنل ہو چکے ہیں جن میں کچھی کینال، گولن گول اور تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ شامل ہیں جبکہ مارچ کے آخری ہفتے میں چوتھے منصوبے یعنی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بھی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے ان خیالات کا اظہار آج واپڈا آڈیٹوریم میں واپڈا ملازمین سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 10 مارچ کو تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں واپڈا میں آنے والی اس تبدیلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں وزیراعظم نے پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں قومی اہمیت کے منصوبوں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے پر واپڈا ملازمین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تمام واپڈا ملازمین کو اعزازیہ دینے کی منظوری بھی دی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا کا بنیادی کام اپنے منصوبوں کو مقررہ وقت اور تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کرنا ہے اس سال کے آخر تک واپڈا میڈیکل کالج کا قیام عمل میں آ جائے گا جہاں میرٹ پر داخلہ حاصل کرنے والے گریڈ ایک سے 16 تک واپڈا ملازمین کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی واپڈا ہسپتال کمپلکس لاہور میں کارڈیک سنٹر قائم کیا جا رہا ہے۔