سمگلنگ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کو متاثر کر رہی ہے: جنرل سیکرٹری پاک افغان جوائنٹ چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) سمگلنگ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قانونی تجارت کو بْری طرح متاثر کررہی ہے، یہ مسئلہ ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی شرح میں کمی کرکے حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سیکریٹری جنرل فائزہ زبیر نے لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں کیا۔ اویس سعید پراچہ، فہیم الرحمن سہگل اور لالہ پرویز بھی اجلاس میں موجود تھے۔ فائزہ زبیر نے کہا کہ سمگلنگ دونوں ممالک کو یکساں متاثر کررہی ہے لہذا اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح پاکستان میں افغانی مصنوعات پر عائد ڈیوٹی سے چار سو فیصد زائد ہے جسے کم ہونا چاہیے۔