• news

نیازی صاحب نے سب سے بڑی بیماری کو گلے لگا کر عوام کو مایوس کیا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ زرداری نیازی گٹھ جوڑ نے پنجاب کی ترقی سے خائف سوچ سے جنم لیا۔ ایک نے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو کچرا کنڈی بنا دیا اور دوسرے نے پشاور کی خوبصورتی کو برباد کر کے رکھ دیا۔ شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور دیگر ارکان سے گفتگو میں کہا کہ عوام تباہی اور بربادی نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈا کے خوف نے جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو متحد ہونے پر مجبور کیا۔ نیازی صاحب نے ملک کی سب سے بڑی بیماری کو گلے لگا کر نوجوانوں اور عوام کو مایوس کر دیا۔ خیبر پی کے اور سندھ کے عوام بے پناہ مسائل کا شکار اور بے بسی کا نمونہ بن کر رہ گئے۔ جھوٹ اور دغابازی کی سیاست کرنے والے قوم کے رہنما نہیں ہو سکتے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں سے توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔ لاہور، ملتان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام جدید ترین اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی میٹرو کی طرح دنیا کی شاندار ٹرانسپورٹ لائیں گے۔ کاشتکاروں کے لئے سستی کھاد، سستی بجلی، بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں کو بھی لاہور کی طرح جدید اور ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہیں۔ معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان معاشی تفاوت دو رکرنے کے لئے مزید اختراعی پروگرام متعارف کرائیں گے۔ تعلیم اور صحت کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ عوام کو شاندار اور بے مثال سہولتیں فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے ہارورڈ یونیورسٹی کے آن لائن ڈیٹا سائنس پراجیکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر لاہور کے نوعمر بھائیوں طیب اور طاہر کو مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے نامور ماہر طبعیات سٹیفن ہاکنگ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن