دھماکے میں ’’را‘‘ ملوث ہونے کے شواہد‘ مقصد پی ایس ایل سبوتاژ‘ فرقہ واریت پھیلانا ہے
لاہور (نامہ نگار) رائیونڈ میں پولیس چوکی پر خودکش دھماکے میں ملک دشمن دہشت گرد عناصر کے علاوہ غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کے اس واقعہ کے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را‘‘سے ٹانڈے ملتے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کا مقصد ایک طرف پی ایس ایل کوسبوتاژ کرنا اور دوسری جانب رائے ونڈ میں چھوٹے اجتماع جسے ’’جوڑ‘‘ کا نام دیا جاتا ہے جس میں پانچ روز میں تقریباً دو لاکھ افراد شرکت کرتے ہیں کے دوران دھماکہ کر کے فرقہ واریت کو فروغ دینے جیسے مذموم مقاصد ہیں۔ اجتماع میں گھسنے میں ناکامی پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو پولیس پوسٹ پر اڑا لیا۔ جس سے پولیس کے جوانوں سمیت اتنی بڑی تعداد میں شہادتوں سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ دہشت گردوں کا پی ایس ایل کرکٹ میچز کو روکنے کے لئے مقصد محض ایک علامتی خودکش حملہ کرکے یہ بتانا ہرگز نہیں تھا کہ وہ ابھی بھی ملک کے کسی بھی حصے میں کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ معصوم اور بے گناہ پاکستانیوں کا قتل تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ کھلا چیلنج ہے کہ اگر انہوں نے دہشت گروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں تو دہشت گرد بھی حملے جاری رکھیں گے ۔علاوہ ازیں دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاہور میں حملے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات کے حوالے سے باخبر ہونے کے باوجود نشانہ بنایا۔ اس صورتحال سے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔وارننگ کے باوجود افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ دہشت گرد شہر بھر کی پولیس کے نام نہاد سکیورٹی ناکے عبور کرتا ہوا بارودی مواد اور خودکش جیکٹس لے کراپنے ٹارگٹ تک پہنچ گیا۔ دھماکے کے حوالے سے حملہ آوروں کی پوری ریکی اور منصوبہ بندی تھی۔ جس وجہ سے وہ اپنے ٹارگٹ تک پہنچ گیا۔
لاہور (سٹاف رپورٹر) رائیونڈ چیک پوسٹ پر دھماکہ سماج دشمن عناصر کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو روکنا ہے۔ دھماکہ کا مقصد غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوف زدہ کرنا تاکہ آئندہ ہفتے ہونیوالے پی ایس ایل سیمی فائنلز کو روکنا ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں ویسٹ انڈیز ٹیم کو دورہ پاکستان سے روکنا بھی دہشت گردوں کی اولین ترجیح ہے۔ 2017میں بھی لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائنل کو روکنے کے لئے میچ سے چند روز قبل مال روڈ پر خودکش حملہ کیا گیا تھا لیکن دہشت گرد اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام رہے دھماکے میں را کے ملوث ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ پی ایس ایل کے میچز دبئی میں جاری ہیں اور پی ایس ایل کے 2سیمی فائنل 20مارچ اور 21مارچ کو لاہور میں کھیلے جانے ہیں جبکہ فائنل کراچی میں ہوگاجبکہ ویسٹ انڈیز کو یکم اپریل کو پاکستان آنا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچ کھیلے جانے ہے سماج دشمن عناصر کا مقصد ہے کہ دھماکے کے ذریعے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خوف زدہ کرنا ہے،2017میں 5مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل فائنل سے قبل بھی 13فروری کو سماج دشمن عناصر کی جانب سے مال روڈ پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں ڈی آئی جی کیپٹن (ر) مبین اور قائم مقام ڈی آئی جی زاہد گوندل سمیت 16افراد شہید اور 60 زخمی ہو گئے تھے۔