فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت شروع، نیشنل سٹیڈیم بروقت تیار ہونے کا خدشہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہو گئی۔ترجمان کورئیر کمپنی کے مطابق پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی آن لائن بکنگ کا آغاز رات 12 بجے سے ہو گیا۔ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے منتخب برانچزسے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔سب سے سستا ٹکٹ ایک ہزار روپے اور سب سے مہنگا 12 ہزار کا ہے جبکہ چار اور 8 ہزار روپے والے ٹکٹ بھی فروخت کئے جائیں گے۔ ترجمان کورئیرکمپنی کے مطابق پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پرٹکٹس دستیاب ہوں گے جبکہ ایک قومی شناختی کارڈ پر5 ٹکٹس حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ترجمان کورئیرکمپنی کا کہنا ہے کہ مجموعی طورپر 26500 ٹکٹس فروخت کرنے کے لئے دیئے گئے ہیں۔ 30 فیصد ٹکٹس آن لائن جبکہ 70 فیصد ٹکٹس مقررہ 25 شاخوں پردستیاب ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل سے قبل نیشنل سٹیڈیم کے 2 جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی میں تبدیل کردیا ہے۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت پہلے ایک ہزار روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اب دونوں جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی کا درجہ دے کر ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے کردی گئی ہے۔فائنل کے ٹکٹوں کی نئی فہرست میں اب وی آئی پی انکلوژرز کی تعداد 5 ہوگئی ہے جبکہ جنرل انکلوژرز صرف تین ہی رہ گئے ہیں۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز میں تقریباً 6 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کیلئے21کروڑروپے منظورکردئیے ہیں۔وزیراعلی سندھ کے ترجمان نے بتایاکہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل اور دیگر اہم ایونٹس کیلیے 21 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ شہرکی خوبصورتی اورمرمت کیلئے ساڑھے13کروڑروپے منظورکئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق کراچی کے امن وامان اوردیگرانتظامات کیلئے7کروڑروپے منظورکئے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایاکہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے متعلقہ حکام کوفنڈزفوری جاری کرنے کاحکم دیاہے۔ 23مارچ سے شہرکورنگ برنگی بتیوں،پودوں سے سجانے کاحکم جاری کردیا گیاہے۔پی ایس ایل تھری کے لیے کراچی کا نیشنل سٹیڈیم بروقت تیار نہیں ہوسکے گا، تعمیراتی ادارے کو فیز ون مکمل کرنے کے بعد آج سٹیڈیم بورڈ کے حوالے کرنا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے سلسلے میں نیشنل سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے لیکن اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ سٹیڈیم بروقت تیار نہیں ہو سکے گا۔ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت کا تعمیراتی منصوبہ تاخیر کا شکار رہا ہے، تعمیراتی ادارے نے آج تک اپنا کام مکمل کرکے سٹیڈیم پی سی بی کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے جوکہ ممکن نظر نہیں آرہا۔