پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس26 مارچ کو طلب
لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ دو ہزار سترہ کی آڈٹ کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کا گورننگ بورڈ چھبیس مارچ کو کراچی میں ہونیوالے اجلاس میں دے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اڑتالیسواں اجلاس کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔ پچیس مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے اگلے روز گورننگ بورڈ اراکین اہم معاملات کی منظوری دیں گے۔ گورننگ بورڈ کا اجلاس چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت ہو گا۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے بورڈ انتظامیہ کو خاصی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اس تاخیر کی گونج اعلیٰ ایوانوں میں سنائی دیتی رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گورننگ بورڈ کے اڑتالیسویں اجلاس میں بورڈ ملازمین کی تقرری و برخاستگی کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہو گی۔ ساٹھ سال یا اس سے زیادہ عمر کے ملازمین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے اقدامات پر بورڈ اراکین کو بریفنگ دیں گے جبکہ آئی سی سی میٹنگ میں ہونیوالی بات چیت پر بھی اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔ بھارت کے ساتھ ہرجانے کے کیس پر بھی گورننگ بورڈ اراکین کو بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کے بعد مزید پانچ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے حوالے سے ہونیوالے اخراجات پر بھی بورڈ آف گورنرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر فارمیٹ میں تبدیلی اور سیزن کی کارکردگی رپورٹ پر بھی بحث ہو گی۔ پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم کی عالمی کپ میں کارکردگی رپورٹ بھی پیش ہو گی۔ وویمنز کرکٹ میں ہونیوالی اہم تبدیلیوں پر بھی بورڈ اراکین کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ گورننگ بورڈ کے 48 ویں اجلاس میں ممبران چند اہم تقرریوں کی بھی منظوری بھی دیں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین پاکستان سپر لیگ کے مالی معاملات پر بھی بورڈ اراکین کو بریفنگ دیں گے۔ وویمن کرکٹرز کے لیے الگ اکیڈمیز کے قیام پر بھی بحث ہو گی۔