ملک بھر کی پولیس کا یکجا ہوکر دہشتگردی کیخلاف لڑنا خوش آئند ہے : احسن اقبال
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر معاشرے میں امن امان نہیں ہو گا تو کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا،ملک بھر کی پولیس کا یکجا ہوکر دہشت گردی کے خلاف لڑنا خوش آئند ہے،پولیس شہداء صرف پولیس نہیں بلکہ پورے ملک کے بیٹے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ پولیس ایکسپو پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ محکمہ پولیس میں پہلی بار اس طرح کا پروگرام منعقد کیا گیا،عوامی سہولتوں اور معاشرے کو کرائم فری بنانے کے لئے یہ پہلا قدم ہے آخری نہیں،امید ہے پولیس ایکسپو نہ صرف اس سال بلکہ ہر سال منعقد کیا جائے گا،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے معاشرے کو جرائم سے فری بنائیں گے۔وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی پولیس اکٹھے ہو کر دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے یہ ایک خوش آئند بات ہے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ پولیس کے جوان عوام کے لئے اپنی جان کی پرواہ نہیں کرتے۔عام لوگ نہیں جانتے کہ پولیس اور طلباء کے درمیان کتنی کوآرڈینیشن ہونی چاہئے، عام شہری کی طاقت کو بڑھانا یا کم کرنا فورس کے ہاتھ میں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سائبر کرائم کچھ سال پہلے سامنے آیا لیکن اس کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹیکل کیا گیا،ہمیں پاکستان میں انڈسٹری ایجوکیشن اور انصاف کے معاملے میں تبدیلی لانی ہو گی،پولیس صرف ٹیکنالوجی سے کام نہیں کر سکتی اس کے لئے انہیں رویہ بھی بہتر کرنے پڑا گا،ہمیں اپنی یوتھ کو آگے لے کر چلنا ہے۔ یوتھ ہی کرائم سے فائٹ کر سکتی ہے،ہماری یوتھ کو ہمیں اچھا سبق دینا ہو گا،اسلام آباد ٹریفک پولیس زیرو ٹالرنس رکھے ہوئے ہے۔اسلام آباد پولیس تمام اقدامات اٹھا رہی ہے،اسلام آباد ٹریفک پولیس کی کاوشیں ہیں کہ حادثات کی شرح میں کمی ہوئی ہے،مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی پولیس کے اعلی حکام اکٹھے بیٹھے ہیں۔