پارلیمنٹ صحیح معانی میں عوام کی نمائندہ‘ مضبوطی میں جمہوریت کا استحکام پوشیدہ ہے: صدر ممنون
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ صحیح معنوں میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے اس کی مضبوطی میں ہی جمہوریت کی مضبوطی پوشیدہ ہے،پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے چیئرمین سینیٹ کا کردار بہت اہم ہے،امید ہے پارلیمنٹرینز عوام کی فلاع و بہبود کیلئے قانون سازی کرینگے تاکہ عوام کا پارلیمنٹ پر اعتماد بڑھے۔صدر مملکت نے یہ بات بدھ کو نومنتخب چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔ صدر مملکت نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹرینز عوام کی فلاع و بہبود کیلئے قانون سازی کرینگے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔