• news

پیرا گوئے اور ہنڈراس نے بھی القدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کی تیاری کرلی

مقبوضہ بیت المقدس/ ایتھنز (این این آئی) جنوبی امریکہ کے ملک پیرا گوائے اورہنڈراس مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں ممالک جلد ہی تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کریں گے۔ ایک اعلیٰ سفارتی ذریعے کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک جلد ہی القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ذرائع کاکہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے شرط عائد کی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم ان کے ملک کا دورہ کریں یا القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنے میں تعاون کرے۔ ادھر یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں مقامی شہریوں، فلسطینیوں اور انسانی حقوق کے مندوبین نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے امریکی اعلان اور فلسطین میں یہودی آباد کاری کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام سوشلسٹ یوتھ الائنس اور یونان ویمن الائنس کی جانب سے کیا گیا،یونان میں ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین میں یہودی آباد کاری، یہودی بستیوں کی تعمیر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکی اعلان القدس اور فلسطین میں یہودی آباد کاری کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن