سی پی کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہوگئے ، پاکستان 2030ء تک بری معیشتوں میں شامل ہوجائیگا :سرتاج عزیز
اسلام آباد (آئی این پی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سی پیک صرف معاشی نہیں بلکہ روابط‘ پالیسی اور ترقی کے وژن کا منصوبہ ہے‘ پاکستان 2030ء تک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا‘ سی پیک کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں‘ سی پیک کسی ملک کے خلاف نہیں‘ یہ ترقی اور امن کا منصوبہ ہے۔ بدھ کو سرتاج عزیز نے پاکستان سرمایہ کاری ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں مثبت پیش رفت ہوتی ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی۔ امن و امان کی بہتر صورتحال اور توانائی کی بحالی سے شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردی پر قابو پانے سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ پاکستان جنوبی ایشیاء کا اہم ملک ہے سی پیک سے ملک میں مزید ترقی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک صرف معاشی نہیں بلکہ روابط پالیسی اور ترقی کے ویژن کا منصوبہ ہے۔ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا حصہ اور سب سے اہم منصوبہ ہے۔ پاکستان 2030 ء تک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔ سی پیک منصوبے کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں تھرکول‘ ہائیڈل منصوبوں سے توانائی حاصل کی جارہی ہے۔ سڑکوں کے ساتھ ریل کے انفراسٹرکچر کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ سرتاج عزیز نے کہا گوادر پورٹ سے پاکستان کو بین الاقوامی تجارت کا موقع ملے گا اور بلوچستان کے لوگ معاشی طور پر خوشحال ہوں گے سی پیک کسی ملک کے خلاف نہیں یہ ترقی اور امن کا منصوبہ ہے۔