• news

جوتا پھینکنے کی حمایت‘ سیاستدان عوامی مسائل حل کریں ورنہ انجام بھیانک ہو گا: جمشید دستی

اسلام آباد (آئی این پی) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے سیاستدانوں پر جوتا پھینکنے اور سیاہی پھینکنے والوں کی حمایت کر دی۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو نعشیں گرنے کا انتظار کریں۔ تفصیلات کے مطابق عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ جب سیاستدان عوامی مسائل حل نہیں کریں گے صرف اپنی حاضری جلسوں تک محدود رکھیں گے تو انہیں جوتے اور سیاہی نہیں بلکہ لاشیں گرنے کا انتظار کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمشید دستی نے کہا کہ لوگ کورٹ کچہری میں دھکے کھاتے پھر رہے ہیں اشرافیہ ملک کے وسائل ہڑپ کررہا ہے جبکہ مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں بھاشن سنائے جاتے رہیں گے تو پھر ان کو جوتے اور سیاہی کی نہیں بلکہ نعشیں گرنے کی توقع رکھنی چاہئے جس میں جمشید دستی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں اپنی عزت نفس اور تذلیل کا غصہ ہے جس کا وہ اظہار کررہے ہیں میں تمام سیاسی قیادت کو انتباہ کرتا ہوں کہ وہ ملک کے مسائل حل کریں ورنہ ان کا انجام بھیانک ہوگا۔ لوگ تقریریں نہیں بلکہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن