رائیونڈ خوکش دھماکے میں زخمی پولیس اہلکار دم توڑ گیا، پنجاب اسمبلی کی متفقہ مذمتی قرارداد
لاہور +رائیونڈ++ قصور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت ) رائیونڈ خودکش دھماکے میں زخمی ہونیوالا ایک اور شخص دم توڑ گیا جس کے بعد شہداء کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ شہید ہونے والوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ پانچ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز لاہور میں ادا کر دی گئی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، ڈی جی رینجرز پنجاب، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) محمد مبشر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کو سلامی پیش کی گئی۔ ان کی نعشیں متعلقہ علاقوں کو بھجوا دی گئیں ۔ دھماکے میں زخمی ہونیوالے پولیس کانسٹیبل نعیم جناح ہسپتال میں زیرعلاج تھا جہاں وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا خودکش دھماکہ کا مقدمہ تھا نہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ خودکش حملہ آور اور اس کے تین سہولت کاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کی قربانی کی وجہ سے بہت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں، پولیس نے حملہ آور کو روکا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، کسی ملک دشمن ایجنسی کے ملوث ہونے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم تحقیقات جاری ہے اور اس کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچ جائیں گے۔ پی ایس ایل میچز کے حوالے سے تمام اداروں سے مشاورت کرینگے اور آج جمعہ کے روز حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ خودکش حملہ آور کی ٹانگیں اور دیگر کچھ اعضاء مل گئے ہیں جن کا ڈین این اے کرا رہے ہیں اجتماع گاہ کا ایریا کھلا ہے اسے سو فیصد محفوظ بنانا ناممکنات میں سے ہے۔ اس وقت 60ہزار کا اجتماع تھا، اتنے زیادہ لوگوںکو سرچ کرنا اور ان کی تصدیق کرنا ممکن نہیں۔ جس جگہ دھماکہ ہوا ہے اس کیلئے تھریٹ موجود نہیں تھا البتہ جہاں تھریٹ موجود ہیں وہاں پر سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ امریکہ نے رائیونڈ میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔ امریکی قونصلیٹ جنرل الزبتھ کینڈی نے تعزیتی بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رائیونڈ دھماکے کے مبینہ سہولت کار کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ،ملزمان میں سے ایک کا تعلق سوات اور دوسرے کا افغانستان سے ہے جن کے قبضے سے اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ مبینہ سہولت کار نے خود کش حملہ آور کو جائے وقوعہ تک پہنچایا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ پولیس جوان تھے۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے رائیونڈ دھماکے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ رانا ثنااللہ کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان خودکش دھماکے کی مذمت کرتا ہے۔ دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ اعزاز کیساتھ پھولنگر اور سرائے مغل کے علاقوں میں ادا کرکے سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او قصو،ر ایس پی انوسٹی گیشن سمیت دیگر پولیس افسران او رشہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دو پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل محمد سعید اور تنویرحسین کا تعلق برج مہالم سرائے مغل اور پھولنگر ڈھلواں ضلع قصور سے تھا۔ خود کش حملہ کے بعد تبلیغی اجتماع پنڈال کے راستوں پر سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے، سندر روڈ جائے وقوعہ پر سی ٹی ڈی حکام نے دیگر محکموں کے ساتھ دھماکہ کے شواہد اکٹھے کئے، تبلیغی اجتماع کے شرکاء کو دیگر راستوں سے گزارا گیا، ڈنڈا بردار فورس کی تعداد بڑھا دی گئی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتظامات فول پروف بنانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے آئی جی پنجاب پولیس، صوبائی انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر ز، اضلاع اور تحصیل کی سطح تک تعینات پولیس آفیسرز کو دیگر کے نام جاری کی گئی ہدایات میں قرار دیاگیا ہے کہ رائے ونڈ اجتماع کو نشانہ بنانے والے واقعہ کے پیش نظر اشد ضروری ہے کہ سرکاری دفاتر سمیت تمام قومی املاک ، اہم سیا سی و مذہبی شخصیات کی سیکورٹی کو روزانہ کی بنیاد پر اپ گریڈ کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمن نے رائے ونڈ میں بزدلانہ کارروائی کی، بزدلانہ واقعات سے بڑے قومی منصوبے متاثر نہیں ہوں گے، مثرحفاظتی انتظامات سے رائے ونڈ میں بڑی تباہی سے بچ گئے، ہمارے حفاظتی انتظامات کافی مؤثر ہیں ملک میں امن آگیا ہے، ا یک د و واقعات سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستان آج چین کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے، مضبوط معیشت وخوشحالی ہوگی توکوئی میلی نگاہ سے نہیں دیکھ سکے گا جب کہ معیشت نہیں سنبھالی تونوجوانوں کو پاکستانیت سمجھ نہیں آئے گی۔ ہمیں بیڑہ غرق و ستیاناس کا بیانیہ دیا جاتا ہے جو غلط ہے، ہمارے پاس بہت سی کامیابیاں ہیں۔ دشمن دیکھ رہا ہے کہ پاکستان میں روشنیاں بحال ہورہی ہیں، ملک میں امن آگیا ہے،کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیں۔