وفاقی حکومت کا بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے اپنے آخری بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق 15سے 20فیصد ایڈہا ک ریلیف بڑھانے پر غور کیا جارہاہے جبکہ پینشن کی مدمیں 20سے 25فی صد اضافہ متوقع ہے کیونکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پنشنرز کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں ۔حکومت بجٹ 2108/19ء میںسرکاری ملازمین کے ہائوس رینٹ الائونس کو بھی بڑھائے گی جوکہ پے سکیل 2008ء میںفریز کیا گیا تھا ۔اس سال حکومت انتخابات کی وجہ سے بجٹ 27اپریل کو پیش کریگی۔وزیراعظم نے پچھلے سال دسمبر میں ہائوس رینٹ اوررینٹل سیلنگ میں پچاس فیصد اضافے کی منظور دی تھی مگر چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس پرعمل دارآمد نہیں کیا گیا تاہم اس پر ابھی عمل دارآمد کیا جائے گا تاکہ سرکاری ملازمین کا ووٹ حاصل کیا جاسکے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میڈیکل الائونس میں بھی 20فیصد اضافہ کیا جا ئے گا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی ہدایت پر وزارت خزانہ کو سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور الائونسز بڑھانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔اسی ضمن میں سرکاری ملازمینوں کی بہت سی تنظیموں نے تنخواہیں اور الائونسز بڑھانے کی تجویزیں بھی حکومت کو پیش کی ہیں جبکہ ان تجاویز کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی الائونس ،ایجوکیشن الائونسز وغیر ہ بھی شامل ہیں تاہم بجٹ اجلاسوں میں ان کا ذکر نہیں کیا گیا ہے لیکن ممکن ہے کہ حکومت سینئر افسران کے انٹرٹینمنٹ الائونس میں اضافہ کرے ۔