این اے 120 ضمنی انتخابات میں غیر مصدقہ ووٹوں کی منسوخی کیلئے درخواست، ہائیکورٹ نے کلثوم نوا ز سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 کے انتخابات میں ڈالے گئے غیر مصدقہ ووٹوں کی منسوخی کے لئے دائر درخواست پر سماعت 21 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس امین الدین خان نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں اٹھائیس ہزار غیر مصدقہ ووٹ ڈالے گئے۔ الیکشن کمشن سمیت دیگر فریقین کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت کی استدعا کی گئی جبکہ عدالت کو بتایا گیا تحریک انصاف کے وکیل انیس ہاشمی اسلام آباد میں موجود ہیں اس لئے حتمی دلائل نہیں دے سکتے۔