پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کے خلاف درخواست‘ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے جوا ب مانگ لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے پٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے عوام پر پیٹرولیم بم گرا دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے غیر قانونی طور پر اضافہ کیا۔ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر غیر قانونی طور پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور سیلز ٹیکس بڑھانے سے قبل وفاقی حکومت سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کو کالعدم قرار دے۔