• news

ماسٹر پلان نہ ہو تو کسی بھی غیر قانونی عمارت کو گرایا نہیں جاسکے گا: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)مری میں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے ہیں کہ ماسٹر پلان نہ ہو تو کسی بھی غیر قانونی عمارت کو نہیں گرایا جا سکے گا۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ اگر ہاؤسنگ سوسائٹیزکو اجازت دی گئی تو پھر یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ وہاں کس قسم کی ٹرانسپورٹ کی اجازت ہوگی۔جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ سوسائٹی کو اجازت ملنے سے غیر منظم آباد کاری کو بھی فروغ ملے گا۔جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ سیوریج کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو ں گے، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ حکومت بارہ کہو میں غیر منظم تعمیرات نہیں روک سکی تو پہاڑوں میں کیسے روک سکے گی۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ مری،کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں ماحولیات کے حوالے سے حساس علاقے قرار پائے ہیں،ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی منظوری کی شرائط پورا کیے بغیر تعمیرات غیر قانونی ہے،جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا تو نیو مری پراجیکٹ پر کام بند ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن