لیگی بلدیاتی نمائندوں کا مطالبات کی منظوری کیلئے مال روڈ پر دھرنا‘ پارٹی چھوڑنے کی دھمکی
لاہور( این این آئی)حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے اپنے مطالبات کیلئے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وائس چیئرمینز اور کونسلرز اتحادنے مال روڈ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا،دوسرے دھڑے نے الزام عائد کیا ہے کہ کچھ ساتھی پی ٹی آئی کی شہ پر احتجاج کر رہے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ دھرنا رات گئے تک جاری تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے وائس چیئرمین اور کونسلرز نے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پراپنے مطالبات کیلئے احتجاج کیا ۔ آغاز پر وائس چیئرمینز اور کونسلرز نے سڑک کی ایک جانب کھڑے ہو کر احتجاج کیا تاہم کچھ دیر بعد نعرے بازی کرتے ہوئے مال روڈ پر آگئے اور دھرنا دیدیا جس سے مال روڈ اورملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ اس موقع پر راہگیروں اور مظاہرین کے درمیان تو تکرار بھی ہوتی رہی تاہم مظاہرین نے مال روڈ کو کھولنے سے انکار کر دیا۔ حکومت کی جانب سے وائس چیئرمینز اور کونسلرز اتحاد کی کور کمیٹی کے اراکین کو مذاکرات کیلئے 90شاہراہ قائد اعظم پر مدعو کیا گیا جہاں صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، خواجہ عمران نذیر ،خواجہ احمد حسان سمیت دیگر موجود تھے۔ مذاکرات کے دوران کور کمیٹی کے دو اراکین احتجاجاًواک آئوٹ کر کے واپس آ گئے اور مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی ۔دھرنے میں شامل متعدد وائس چیئرمینز اور کونسلرز کاکہنا تھاکہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پارٹی کو خیر باد کہہ دیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں کسی صورت بھی حمایت نہیں کریں گے۔ وائس چیئرمینز کا کہنا تھاکہ (ن) لیگ کی قیادت ووٹ کی حرمت کی مہم چلا رہی ہے لیکن ہمارے ووٹ کو اہمیت نہیں دی جارہی ۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ووٹ برابر ہے لیکن ہمیں اختیارات نہیں دئیے گئے ، چیئرمین کے ساتھ دستخط کرنے کی اتھارٹی دی جائے ، ہائوس کا ممبر بنایا جائے اور ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں تاکہ ہم اپنے ووٹرز کے مسائل حل کر سکیں ۔ علاوہ ازیںوائس چیئر مین اتحاد لاہور کے رہنما حاجی یامین کی قیادت میں وائس چیئرمینز نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پارٹی قیادت کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔نواز شریف اور مریم نواز کوبار بار عدالتوں میں طلب کر کے ان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ایسے حالات میں پارٹی کارکن نواز شریف کا ہر اول دستہ ہیں۔کچھ دوست اپنی ہی حکومت کیخلاف دھرنا دینے جارہے ہیں اصل میں ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اور یہ پی ٹی آئی کی شہ پر کیا جارہا ہے۔قیادت نے بہت سے مسائل حل کر دیئے ہیں باقی جو ہیں ان کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔