کنٹرول لائن : اقوام متحدہ نمائندوں پر فائرنگ کی مذمت ، بھارت کیخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرایا جا ئے : ایمنسٹی
اسلام آباد(آن لائن) حقو ق انسا نی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے راولاکوٹ لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کے نمائندوں پر بھارتی افواج کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پوری دنیا میں جہاں اقوام ِ متحدہ کے نمائندے امن کیلئے جنگی جنون کے درمیان اپنے مخصوص نشان کی وجہ سے مداخلت کرتے ہیں وہاں کوئی بھی ملک اِن نمائندوں پر نہ تو حملے کرنے کا اختیار رکھتا ہے نہ ہی فائرنگ جبکہ بھارت نے اپنی درندگی جنون کے تمام حربے پار کرکے اقوام متحدہ کے نمائندوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تروٹی راولاکوٹ کے دو افراد جو اقوام متحدہ کے مبصرین کو تفصیل بتا رہے تھے۔ جن میں سفیر احمد اور محمد اعظم قریشی کو گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوئے جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ منتقل کیا گیا ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت جہاں آزادکشمیر کی سول آبادی کو ٹارگٹ بنارہا ہے وہاں انسانی حقوق کی تنظیموں کے علاوہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنانے سے پیچھے نہیں ہٹ رہا جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے ۔اُنہوں نے اقوام ِ متحدہ سے مطالبہ کیا وہ بھارت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کریں تاکہ بھارت اپنے جنگی حربوں سے باز آسکے۔