نجی سکولوں کی فیسوں میں 5فیصد سے زا ئد اضافہ، ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا
لاہور (وقائع نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں کے طلبہ سے پانچ فیصد سے زائد فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیاہے۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔طلبہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نجی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں من پسند اضافے سے طلبہ اور ان کے والدین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آئین کے آرٹیکل پچیس اے کے تحت تعلیم کو کاروبار نہیں بنایا جا سکتا نہ ہی تعلیم کے نام پر شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا سکتا ہے۔ شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ نجی سکولوں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے حقائق کے برعکس فیصلہ دیا۔نجی سکولوں نے نئے قانون کے تحت فیسوں میں پانچ فیصد اضافہ کیا۔ نئے قانون کے تحت آٹھ فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔