بلوچستان‘ چارسدہ‘ کرم ایجنسی‘ جنوبی وزیرستان میں آپریشن ردالفساد‘ ایک دہشتگرد ہلاک‘4 گرفتار
راولپنڈی+کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) سیکورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیاجس کے نتیجے میں 1دہشتگرد ہلاک 4گرفتار کرلئے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں مستونگ ، اوچ، سبی اور ڈیرہ مرادجمالی میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 1دہشتگردہلاک جبکہ 4گرفتار کرلئے گئے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے چار سدہ، کرم اور جنوبی وزیرستان ایجنسی میں بھی آپریشن کیا جس کے دوران سب مشین گنز، آر پی جی سیون اور خودکش جیکٹس بھی برآمد کرلی گئیں۔