• news

رضا ربانی نے ایمنسٹی سکیم کی مخالفت‘ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا، میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ کالادھن سفید کرنے کے لئے ایمنسٹی سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ تشویش کا باعث ہے، اس قسم کی سکیمیں بڑے کاروباروں کو غیر قانونی کام کرنے کا لائسنس فراہم کرنا ہے، ماضی میں بھی اس قسم کی سکیمیں ناکام ہوئی ہیں، جمعرات کو اپنے ایک بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ کالادھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ تشویش کا باعث ہے، ایمنسٹی سکیم کی پارلیمنٹ کے فلور سے بھی مخالفت کی جائے گی، اس قسم کی سکیمیں بڑے کاروباروں کو غیر قانونی کام کرنے کالائسنس فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ سکیم ناجائز طریقے سے کمائی گئی دولت کو قانونی دائرے میں لانے کا موقع فراہم کرنا ہے، ماضی میں بھی اس قسم کی سکیمیں ناکام ہوئی ہیں،حکومت کی معاشی پالیسیاں کاروباری طبقے کو فائدہ پہنچانے کیلئے بنائی جاتی ہیں، غریب طبقے کو بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں اور مہنگائی کے بوجھ تلے زندگی گزارنی پڑتی ہے، رضا ربانی نے کہا کہ بجلی کے نادہندہ صارفین کے اوسطاً 7ہزار روپے تک کے بلوں کو معاف کرنے کے لیے سکیم متعارف کرائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن