ترکی سے ڈی پورٹ ہو کر آنیوالے مزید 21 پاکستانی سیالکوٹ ائر پورٹ پر گرفتار
سیالکوٹ (نامہ نگار) ترکی سے ڈی پورٹ ہوکر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے والے اکیس مسافروں کو ایف آئی اے عملہ نے گرفتار کرلیا۔ انسانی سمگلروں کو لاکھوں روپے دے کر یورپ جانے کیلئے شائز علی سمیت اکیس پاکستانی بغیر ویزوں کے ترکی گئے تھے جنہیں ترکی حکام نے گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا تھا جو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن عملہ نے چیکنگ کے بعد انہیں ایف آئی اے اہلکاروں کے حوالے کردیا جنہوں نے انہیں گرفتار کرکے مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے تھانہ گوجرانوالہ منتقل کردیا ۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کئے جانے والوں سے انسانی سمگلروں کے بارے تفصیلات بھی لی جارہی ہیں تاکہ انسانی سمگلروں کو بھی گرفتار کیا جاسکے ۔