دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون بڑی اہمیت رکھتا ہے: صدر ممنون
اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے لیے آئزن ہاور فیلو شپ پروگرام کی خدمات نہایت اہم ہیں۔ اس ادارے سے تربیت پانے والے ماہرین انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات آئزن ہاور فیلو شپ کے صدر جارج ڈی لاما سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انڈس ہسپتال کراچی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبدالباری خان اور پاکستان میں آئزن ہاور پروگرام کے فیلوز بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ آئزن ہاور فیلو شپ پروگرام زندگی کے مختلف شعبوں کے ماہرین کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انھیں خوشی ہے کہ ابتدا سے ہی پاکستانی اسکالرز اس پروگرام سے وابستہ رہے ہیں جو وطن عزیز اور انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئزن ہاور جیسے بین الاقوامی علمی ادارے علم کے فروغ اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر تے ہیں۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آئزن ہاور فیلو شپ اور پاکستان کے درمیان تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی سے پاکستان بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس جنگ میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے اور مالی قربانیاں دی گئیں۔ دہشت گردی کے اس سلسلے سے نمٹنے کے لیے امریکی تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد امریکہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اس موقع پر آئزن ہاور فیلو شپ کے صدر جارج ڈی لاما نے صدر مملکت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ بڑا خوشگوار رہا۔ صدر مملکت ممنون حسین سے پاک فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کہا کہ ان کی قیادت میں پا ک فضائیہ نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس سلسلے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر مملکت نیان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔